لندن،23مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں پیر کے روز امریکی گلوکارہ آریانا گرینڈے کے کنسرٹ میں دھماکے کے چند گھنٹے بعد متاثرہ گلوکارہ نے ایک ٹوئٹ میں اپنے افسوس کا اظہار کیا ہے۔منگل کی صبح کی جانے والی ٹوئیٹ میں نوجوان گلوکارہ آریانا نے کہا کہ میں اندر سے ٹوٹ گئی ہوں۔ میں دل کی گہرائیوں سے افسوس کرتی ہوں.. میں جذبات کے اظہار سے قاصر ہوں!۔متعدد رپورٹوں میں اس امر کی تصدیق کی گئی کہ امریکی گلوکارہ نے لندن میں جمعرات کے روز مقررہ اپنے کنسرٹ کو منسوخ کر دیا ہے۔ غالب گمان ہے کہ سکیورٹی خطرات کے اندیشوں کے پیشِ نظر وہ اپنا یورپ کا بقیہ دورہ بھی منسوخ کردیں گی۔ اس دورے میں برطانیہ ، جرمنی ، پولینڈ ، سوئٹزرلینڈ اور بیلجیئم شامل ہیں۔ پیر کے روز آریانا کے کنسرٹ میں ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں 19 سے زیادہ افراد ہلاک اور 50 زخمی ہو گئے تھے۔آریانا گرینڈے کے قریب ذرائع نےTMZ ویب سائٹ کو بتایا ہے کہ مانچسٹر ایرینا میں ہونے والے دھماکے کے سبب نوجوان امریکی گلوکارہ ہسٹریائی کیفیت سے دوچار ہے۔